• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 3 سال میں کھانے پینے کی اشیا دو گنا مہنگی

اسلام آباد / کراچی (جنگ نیوز/ پی پی آئی) پاکستان میں گزشتہ تین سال اکتوبر 2018ء سے اکتوبر 2021ء میں مہنگائی نے 70سال کے ریکارڈ توڑ دیئے، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہوگیا۔

 گھی تیل نرخ میں سب سے زیادہ 133؍ فیصد اضافہ ہوا جبکہ ، چینی 84فیصد ، آٹا 52فیصد ، پٹرول 49فیصد، گائے بکری مرغی کا گوشت 60فیصد مہنگاہوا ، دالیں 76فیصد ، ایل پی جی 51فیصد، دودھ 32؍ فیصد تک بڑھا۔ ادھر عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قیمتیں کہیں زیادہ بڑھیں، سرکاری رپورٹ دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق قیمتوں کے حساس اعشاریئے (ایس پی آئی) کے مطابق اکتوبر 2018ء سے اکتوبر 2021ء تک بجلی کے نرخ 57؍ فیصد اضافے سے 4روپے 6پیسے فی یونٹ سے بڑھ کر کم از کم 6روپے 38پیسے فی یونٹ کی سطح پر آگئے۔

اکتوبر کی پہلی سہ ماہی تک ایل پی جی کے 11.67 کلو گرام سلنڈر کی قیمت 51فیصد اضافے کے بعد 1536 روپے سے بڑھ کر 2322روپے کی سطح پر پہنچ گئی اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں تین سال کے دوران 49فیصد تک اضافہ ہوا اور فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 93روپے 80پیسے فی لیٹر سے بڑھ کر 138روپے 73پیسے ہوگئی ہے۔ 

کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ خوردنی گھی وتیل کی قیمتوں میں ہوا، گھی کی فی کلو قیمت 133؍ فیصد اضافے سے 356روپے تک پہنچ گئی، خوردنی تیل کا 5لیٹر کا کین 87؍ اعشاریہ 60فیصد اضافے کے بعد 1783؍ روپے کا ہوگیا۔

 چینی کی قیمت میں 3سال کے دوران 83فیصد اضافہ ہوا اور 54روپے کلو فروخت ہونے والی چینی کی قیمت 100روپے سے تجاوز کرگئی۔

 دال کی قیمت میں 60 سے 76 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ماش کی دال کی قیمت 243روپے، مونگ کی دال کی قیمت 162 روپے، مسور کی دال 180 روپے فی کلو جب کہ چنے کی دال 23 فیصد اضافے سے 145 روپے فی کلو پر آگئی۔آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 3 سال میں 52 فیصد اضافے سے 1196 روپے پر آگئی، آٹے کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کلو تک کا اضافہ ہوا۔

سرکاری حساب کے مطابق تین سال میں مرغی کی قیمت میں 60 فیصد اضافہ ہوا اور مرغی کی قیمت اکتوبر 2018 سے اکتوبر 2021 تک 252 روپے کلو کی سطح پر رہی، تاہم بازاروں میں مرغی کا گوشت 400 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

سرکاری ریکارڈ کے مطابق تین سال میں گائے کے گوشت کی قیمت 48 فیصد اضافے سے 560 روپے کلو کی سطح پر آگئی تاہم بازاروں میں گائے کا گوشت 650 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

تازہ ترین