• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدوس بزنجو کے وزیراعلیٰ بننے کی راہ ہموار، سردار رند نے بھی حمایت کردی

کوئٹہ(نمائندہ جنگ)قدوس بزنجو کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار،سردار رند نےبھی حمایت کردی ، پرویز خٹک نے کہا کہ امید ہے نئی حکومت پی ٹی آئی کا خیال رکھے گی، بزنجو نے کہا کہ سردار رند ہمارے بڑے ہیں انکا گھر ہمارا گھر ہے۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، بلوچستان کے صدر و پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے وزارت اعلیٰ کے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو اور اسپیکر کے لئے امیدوار میر جان محمد جمالی کی حمایت کا اعلان کردیا ۔

جس کے بعدمیر عبدالقدوس بزنجو کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہوار ہو گئی ہے، اس بات کا اعلان انہوں نے بدھ کو سردار یار محمد رند کی رہائش گاہ پر بلوچستان عوامی پارٹی کے میڑھ کے طور پر آنے والے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی ، بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر میر ظہور احمد بلیدی ، وزارت اعلیٰ کے امیدوار عبدالقدوس بزنجو ، اسپیکر کے امیدوار میر جان محمد جمالی ، سینیٹرز منظور احمد کاکڑ، عبدالقادر ، بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی و سینیٹر سعید احمد ہاشمی ، سابق صوبائی وزراء حاجی اکبر آسکانی ، حاجی نور محمد دمڑ ، میر نصیب اللہ مری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہم جرگے کی صورت میں سردار یار محمد رند کے پاس آئے ان سے درخواست کی کہ ہم صوبے ، مرکز اور سینیٹ میں بی اے پی کے اتحادی ہیں آگے بھی ہمیں ساتھ چلنا ہے امید ہے بلوچستان میں نئی بننے والی حکومت تحریک انصاف کا خیال رکھتے ہوئے حکومتی شراکت داری میں پارٹی کو اس کا پوار حصہ دیگی ، ہم نہیں چاہتے کہ تحریک انصاف صوبے میں کمزدر ہو اور ہماری پارٹی کے ارکان کو نظر انداز کیا جائے ۔

تازہ ترین