کراچی ( اسٹاف رپورٹر) دبئی کر کٹ اسٹیڈیم میں دونوں ملکوں کے تماشائیوں نے بھر پور انداز میں میچ انجوائے کیا، ان کے ہاتھوں میں اپنے اپنے ملکوں کے پرچم تھے، بعض کے ہاتھوں میں کھلاڑیوں کی تصاویر بھی تھی، پاکستانی شائقین دل دل پاکستان ، جیتے کا جیتے گا پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے، اسٹیڈیم میں افغان ٹیم کی حامی خواتین بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں، جو اپنی ٹیم کے حق میں نعرے لگارہی تھیں۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھے،انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ کبھی گراؤنڈ میں کھیل کر انجوائے کرتے تھے، آج ٹیم کو کھیلتا دیکھ کر انجوائے کررہا ہوں۔ شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھتے ہوئے تصویر شیئر کی ہے ۔ ادھر پاکستان کے تیسرے میچ کے موقع پر بھی ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں جوش و خروش رہا، میچ کے دوران ٹریفک بھی کم دکھائی دیا، جبکہ گلیوں اور محلوں میں بھی چہل پہل کم رہی، سہراب گوٹھ کے نزدیک افغان بستی میں بڑی اسکرین لگاکر میچ دیکھا گیا،پاک افغان میچ کو کراچی میں کئی جگہوں پر شائقین نے بڑی اسکرین پر دیکھا گیا۔ دوسری جانب پشاور میں رہائش پزیر افغان مہاجرین بھی میچ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔افغان مہاجرین کا کہنا ہے کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، اس لیے وہ پاکستان اور افغانستان دونوں کرکٹ ٹیموں کو سپورٹ کر رہے ہیں ۔