ٹیکنالوجی میں تیزرفتار ترقی نے سوچ کے زاویے بدل کر رکھ دیے ہیں۔ اب مشکل سے مشکل کام بھی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بآسانی کیا جانے لگا ہے۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے بلکہ کارکردگی بھی 100فیصد ہوتی ہے۔ زندگی کے ہر شعبے کی طرح کاروباری منظر نامے پر بھی جدید ٹیکنالوجی کے اثرات ہر گزرتے دن کے ساتھ گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ کاروبار میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کم سرمایہ کاری میں زیادہ منافع کے حصول کا باعث بن رہا ہے۔
مارکیٹ میں مسابقت کی وجہ سے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر پر اُٹھنے والے اخراجات بتدریج کم ہورہے ہیں۔ چیلنجنگ کام کرنے کیلئےمختلف ٹولز دستیاب ہیں۔ دنیا بھر میں ڈیجیٹلائزیشن، ڈیجیٹل کاپی کیٹ آئیڈیاز اور ڈیجیٹل انٹرپرینیور شپ میں تعاون اور سرمایہ کاری پر کام کیا جارہا ہے۔ انٹرنیٹ آف تھنگز تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے، جسے دیکھ کر توقع کی جارہی ہے کہ آنے والے چند برس میںدنیا بھر کی 40فیصد چیزیں کمپیوٹر پر موجود ہوں گی۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی
انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا بھر میں زندگی کے ہر شعبے میں کارکردگی اور رفتار کو بہتر بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ تمام معلومات کو کمیونی کیشن کے ذریعے جمع کرتی ہے، جن کی روشنی میں تجزیہ کرکے بہتر کاروباری فیصلے کیے جاتے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کاروبار کو فروغ دینے، مختلف پیرامیٹرز کا تجزیہ کرنے، اقتصادی صورتحال کا جائزہ لینے، کمپنی کی مالی پوزیشن معلوم کرنے، ٹیکنالوجی کے رجحانات، صارفین کے ذہن کو پڑھنے اور مسابقتی دور میں حریفوں کی کارکردگی کا تعین کرنے کے حوالے سے ایک وسیع کھڑکی کھول دی ہے۔
دو طرفہ کمیونی کیشن اور رابطے بڑھنے سے کاروبارآسان ہوگیا ہے۔ اب صارفین کے بارے میں بہتر طور پر جاننے، اپنی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں صارفین کی آ راء معلوم کرنے اور انہیں مصنوعات و خدمات کے لیے قائل کرنے اور اپنی بات کو ڈھنگ سے بیان کرکے ان کے اذہان پر اثر انداز ہونے کے امکانات وسیع ہوگئے ہیں۔ کاروبار میں ٹیکنالوجی کا استعمال اس کے کامیاب ہونے کی کلید اور ضمانت بن گئی ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی بھی انٹرپرینیور کے لیے یہ آسان ہوگیا ہے کہ وہ جملہ امور کا جائزہ لے کر کمپنی کی صلاحیت کو متاثر کرنے والے معاملات اور حائل رکاوٹوں کا تدارک کرکے مشکل کاروباری حالات میں بہتر فیصلہ کرنے میں کامیاب ہو۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت وسیع پیمانے پر دستیاب تحقیق سےانٹرپرینیورز نئے رجحانات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے قابل ہو ئے ہیں اور اپنی مصنوعات و خدمات کی فراہمی میں مارکیٹ رجحانات کو مدِ نظر رکھ کر اپنی ناکامیوں پر بھی قابو پارہے ہیں۔
گلوبل نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی
کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے شراکت داروں، کلائنٹس اور صارفین کے ساتھ بہتر کمیونی کیشن اور روابط کو ممکن بنارہی ہیں۔ اس کے لیے وہ عام طور پر ویب سائٹس، بلاگز، پیغامات اور سوشل میڈیا کا سہارا بھی لیتی ہیں۔ گلوبل نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی کی وجہ سے یہ کام آسان ہوگیا ہے، جس سے دنیا بھر کی آبادی تک رسائی ممکن ہوگئی ہے۔
انٹرنیٹ ٹیکنالوجیز اور ٹیلی پریزنس نے کانفرنس کال، ویڈیو چیٹ اور ویب نار جیسے ورچوئل گلوبل انوائرمنٹ بنا کر سفر کی ضرورت کو کم سے کم کرکے ہموار آپریشن اور کاروبار چلانے میں آسانی پیدا کردی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والے لاک ڈاؤن میں جدید ٹیکنالوجی کے باعث ہی گھر سے کام کرنے کے قابل ہوئے تھے۔ اس طرح ایک نئے کلچر کو فروغ ملا اور ساتھ ہی آپریشنل اخراجات میں بھی کسی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ ٹیکنالوجی تک آسان رسائی سے ایک عام انسان کے لیے بھی یہ ممکن ہواہے کہ وہ اپنے کاروبار کا آغاز کر سکے۔
مصنوعی ذہانت
کاروبار میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کم لاگت میںصارفین تک فوری و دیرپا رسائی اور مصنوعات کی تیزرفتار تیاری کا انقلاب ہے۔ یہ اسمارٹ فون سے اسمارٹ بزنس تک تیزرفتارکاروبار میں ڈیجیٹل تبدیلی کا لازمی حصہ ہے۔ مختلف صنعتوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال نے نہ صرف جدت کو فروغ دیا ہے بلکہ معیار کو بہتر بنایا اور وقت کی بچت کی ہے۔
ویئر ایبل سینسر ٹیکنالوجی
انٹرنیٹ نے کاروباری معیارات، مختلف صنعتوں کی ادائیگیوں اور وصولیوں کے نظام کی نوعیت میں خاطر خواہ تبدیلی کردی ہے۔ انٹرنیٹ کی بدولت کہیں بھی بیٹھے ایک کلک سے اشیا کی خریدو فروخت اور رقومات کی ترسیل کی جاسکتی ہے۔ اس وقت بڑے پیمانے پر انٹرنیٹ کے ذریعے خودکار انداز میں رقومات کی ترسیل کی جاتی ہے۔
خودکار نظام میں رقومات کی ترسیل، موبائل آلات کا استعمال، سینسرز اور کمپیوٹر کے ذریعے آن لائن کلائوڈپر اندراج بھی شامل ہے۔ ویئر ایبل سینسر ٹیکنالوجی اور بگ ڈیٹا کے ذریعے مستقبل کے بزنس ماڈلزکے ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ٹیکنالوجیکل آلات
اپنے کاروبار کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر متعارف کرانے کے لیے آپ کے پاس کمپیوٹر، ویب کیم اور انٹرنیٹ کنکشن ہونا لازمی ہے۔ صرف تین ٹیک گجیٹس کے ساتھ آپ دنیا کا کوئی بھی کاروبار کرسکتے ہیں۔ اب موبائل کی صورت ہر وقت اپنے کاروباری معاملات سے باخبر رہنا اور ضروری فیصلے لینا ممکن ہوگیا ہے۔