• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مظالم کی انتہا ہوچکی، یورپی یونین مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرے، سلطان محمود چوہدری

برسلز(عظیم ڈار) ریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے مکاری اور عیاری کے ساتھ اپنی 9 لاکھ افواج کو مقبوضہ کشمیر کے اندر داخل کیا۔انہوں نے یہ بات برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر فابیو ماسیمو کسٹراڈو سے ان کے چمبرمیں ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر، سفارتخانہ پاکستان برسلز سے قونصلر یاسر حسین، کشمیر پیس فورم بلجیم کے ڈائریکٹرز ملک پرویز، چوہدری نصیر اور او پی سی پنجاب بلجیم کے کوآرڈینٹر سید شاہد حسین شاہ بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مقبوضہ وادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا تذکرہ کرتے ہو ڈاکٹر فابیو کو سیکورٹی فوسز کے مظالم سے آگاہ کیا۔ انھوں نے ڈاکٹر فابیو کو کشمیر آنے کی دعوت دی اور کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم کو رکوانے کےلیے یورپی یونین ثالثی کا کردار ادا کرے۔ ڈاکٹر فابیو نے بیرسٹر سلطان کی کشمیر کاز کے حوالے سے کوششوں اور کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی یورپی پارلیمنٹ کی ہیومن رائٹس کمیٹی اور فارن افیئر کمیٹی کے ممبر جوردی سولے کے ساتھ بھی ایک خاص ملاقات ان کے چیمبر میں ہوئی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے انہیں بھی تجاویز پیش کیں اور انہیں متنبہ کیا کہ وادی کشمیر میں کشمیری عوام اپنے ہی گھروں میں غیر محفوظ ہیں۔ بھارتی سیکورٹی فورسز نے وادی کے اندر جبراً قبضہ کرکے کشمیریوں کے حقوق کو سلب کررکھا ہے۔ علاوہ ازیں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارتی سفارتخانہ برسلز کے سامنے ایک فقید المثال احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کہا کہ چند روز قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کو ہرا کر میچ جیت لیا۔ اس کرکٹ میچ کی فتح کا جشن کشمیر میں بھی منایا گیا۔ انھوں نے پرہجوم کشمیری و پاکستانی عوام سےخطاب کے دوران کہا کہ ہمیں عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرنے کی ضرورت ہے۔ مظاہرین نے پرُجوش انداز میں نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جھنڈے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مودی سرکار کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے کے منتظمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین چوہدری پرویز اقبال لوہسر، پشتون آرگنائزیشن یورپ کے چیئرمین نوید خان، صدر عرب گل ،بلجیم برانچ کے صدر جمیل خان، کشمیر پیس فورم بلجیم کے ڈائریکٹرز چوہدری نصیر، ملک پرویز نے بھی اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایشیا میں قیام امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ سابق ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور ا لٰہی نے فرانسیسی زبان میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہونے والے بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین کی مداخلت کو ناگزیر قرار دیا، کشمیر اقلیتی ونگ کے سربراہ لطیف بھٹی نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرپی ٹی آئی بلجیم کے سینئر رہنما کاشف وڑائچ نے کہا کہ گو انڈیا گو، ہم کیا چاہتے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی ،کشمیری مانگیں آزادی۔

تازہ ترین