• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتّب: ڈاکٹر محمّد سہیل شفیق

صفحات: 696، قیمت: 1200روپے

ناشر:حمدو نعت ریسرچ سینٹر ،اُردو بازار، کراچی۔

اشاریہ سازی کوئی آسان کام نہیں ہے۔ فی زمانہ یہ فریضہ انجام دینے والے افراد کم ہی نظر آتے ہیں۔ اشاریہ نویسی، جانفشانی کی متقاضی ہوتی ہے۔ یہ عمومی تحقیق کے مقابلے میں زیادہ دیدہ ریزی اور انہماک کا مطالبہ کرتی ہے، کیوں کہ یہ تحقیقی موضوعات اور مآخذ کی تلاش میں معاون ثابت ہوتی ہے۔اِسی لیے اشاریہ نویسی کی اہمیت اور ضرورت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ پیشِ نظر کتاب اُردو میں حمد کے موضوع پر اوّلین ماہنامہ ’’اَرمُغانِ حمد‘‘ کے 125شماروں کا مکمل اشاریہ ہے، جسے صاحبِ کتاب نے مرتّب کر کے مذہبی شعری جہان میں شعر و ادب کے طلبہ کے لیے کئی سہولتیں اور آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔ 

مصنّف جامعہ کراچی میں شعبۂ اسلامی تاریخ کے صدر ہیں اور علمی تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے محتاجِ تعارف نہیں ۔ وہ اس سے قبل کئی علمی و تحقیقی رسائل و جرائد کے اشاریئے مرتّب کر چُکے ہیں، جن میں ماہنامہ ’’معارف‘‘ (اعظم گڑھ) کا ایک وقیع و بسیط90سالہ اشاریہ بھی شامل ہے۔ فروغِ حمد و نعت کے ذیل میں شاعرِحمد و نعت، محمّد طاہر سلطانی کی زیرِادارت شایع ہونے والے ’’اَرمُغانِ حمد‘‘ کے خصوصی نمبرز اُردو حمدیہ اور نعتیہ ادب میں اوّلین حیثیت کے حامل ہیں۔مثلاً غیر منقود حمد و نعت نمبر، عربی، فارسی حمد و نعت نمبر، حمدیہ و نعتیہ ہائیکو نمبر، حمدیہ ونعتیہ نظمیں نمبر، غیر مسلم حمد گو نمبر، سیّد الشہدءؓ نمبر، حضرت فاروق ؓو حسینؓ نمبر، شہیدانِ کربلا ؓنمبر، علّامہ اقبال حمد و نعت نمبر، احمد رضا خان بریلوی حمد و نعت نمبر، بہزاد لکھنوی حمد و نعت نمبر، صبا اکبر آبادی حمد و نعت نمبر، ڈاکٹر شمس جیلانی حمد و نعت نمبر، حسن اکبر کمال احمد، حمد و نعت نمبر اورشاہ انصار الہ آبادی حمد و نعت نمبر وغیرہ شامل ہیں۔ ’’اَرمُغانِ حمد‘‘ کے یہ شمارے اپنے موضوع پر وقیع اور آنے والے محقّقین کے لیے سرمایۂ تحقیق ہیں۔ 

ممتاز علمائے کرام اور قلم کاروں کے مضامین اور سیکڑوں شعراءکا حمدیہ اور نعتیہ کلام بلا کسی تفریق، اس کتاب کے صفحات کی زینت بنا، جو ہزاروں صفحات پر مشتمل ہے۔ اس شایع شدہ مواد ،بالخصوص حمدیہ و نعتیہ کلام کو جامعات کی سطح پر موضوعِ تحقیق بنایا جا سکتا ہے،لہٰذا بجا طور پر یہ اُمید کی جا سکتی ہے کہ یہ اشاریہ، حمدیہ ادب میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والوں کے لیے نہایت معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ اس کتاب پر خواجہ رضی حیدر، پروفیسر انوار احمد زئی (مرحوم)، یامین وارثی اور طاہر حسین سلطانی کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں، جن میں مرتّب کی خدمات کو بَھرپور انداز میں خراج ِتحسین و محبّت پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین