کراچی میں نجی اسکول کے واش روم میں کیمروں کی موجودگی بعد کے ایک اور انکشاف ہوا ہے، اسکول کا مالک بلڈر نکلا، جس نے پارک پر قبضہ کرکے اسکول کا میدان بنادیا۔
ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ بلڈر اسکول کو کمرشل بنیاد پر چلاتا ہے، بلڈر نے اسکول کے ساتھ موجود پارک پر قبضہ کرکے اسکول کا میدان بنادیا۔
صدر ایسوسی ایشن بشیر خاصخیلی نے کہا کہ پارک رہائشیوں کے لیے بند کردیا گیا ہے، جبکہ پارک فیسنگ کے رہائشیوں نے اضافی پیسے بھرے تھے۔
بشیر خاصخیلی نے کہا کہ اسکول کمرشل بنیاد پر رہائشیوں کے نمائندوں کے بغیر چلایا گیا، اسکول مینٹیننس فیس بھی ادا نہیں کرتا، جبکہ بلڈر نے کمیونٹی ہال شادی ہال والوں کو بیچ دیا۔
دوسری جانب بلڈر رؤف چیپل نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیز اور دیگر فیس نہ دینے والے بلیک میل کر رہے ہیں، پارک پر قبضہ نہیں کیا سیکیورٹی خدشات پر باؤنڈری لگائی ہے۔
رؤف چیپل نے کہا کہ اسکول میں کیمرے واش بیسن ایریا میں تھے۔