نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)آل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلِکس اور ویب سیریز ’اے سوٹیبل بوائے‘ کی تخلیق کار اور ہدایت کار میرا نائر کو اسلامی شعائر کی توہین کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ویب سیریز کی ایک قسط میں ایک نوجوان کی جانب سے توہین کرنے کی منظر کشی کی گئی ہے۔ ہدایت کار میرا نائر کی ویب سیریز ’اے سوٹیبل بوائے‘ کو 23 اکتوبر 2020 کو نیٹ فلکس پر نشر کیا گیا تھا۔ اس میں معروف اداکارہ تبو نے بھی کام کیا ہے۔ہندی روزنامہ ’دینک جاگرن‘ کی رپورٹ کے مطابق آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے لیگل ونگ کے اتر پردیش کے صدر سید محمد حیدر رضوی نے نوٹس کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ تخلیق کار اور ہدایت کار میرا نائر اس منظر کو ویب سیریز سے ہٹا دیں اور عوامی سطح پر معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ ویب سیریز کی چوتھی قسط میں ایک سین میں جان بوجھ کر توہین کی گئی ہے۔ اس سے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر اس منظر کو ہٹایا نہیں جاتا، نیز تخلیق کار اور ڈسٹری بیوٹر اس کے لیے عوامی معافی نہیں مانگتے ہیں تو ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 295A کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں مداخلت کے نوٹس کی کاپی مرکزی اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی اور مرکزی وزیر اطلاعات انوراگ ٹھاکر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔