اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ 3 سال سے ہم وفاق اور صوبے میں انہیں ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں، یہ نہیں نبھا رہے۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلع میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ نارواسلوک کر رہی ہے۔
اجلاس میں سینیٹر کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، کیا حکمران بھول گئے کہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے نہیں آیا تھا، ہم نے پھر بھی انہیں سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں کامیابی کے ساتھ نکالا۔
سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔