ترجمان اتحادی فوج نے کہا ہے کہ ریاض کی جانب داغا گیا حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بیلسٹک میزائل کو اتحادی افواج نے فضا میں ہی روک کر تباہ کیا۔
واضح رہے کہ ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتوار کے حملے میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق، 11 دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔
دمام کے شاہ فہد ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، دمام ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن 6 گھنٹے بندش کے بعد بحال کردیا گیا۔
ریاض کا شاہ خالد ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، پیر کے روز پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس سے ریاض کی 32 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
برطانیہ نے اپنے شہریوں کو جدہ اور دمام کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے، مدینہ ایئرپورٹ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں کے سفر سے بھی گریز کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب یمن کی حکومتی فورسز نے حوثی اکثریتی تنظیم انصاراللّٰہ کے 1 ہزار 732 اہداف پر حملوں میں 900 سے زائد حوثی عناصر ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔
یمنی فضائیہ نے مارب کے جنوب مغربی محاذوں پر بھی حوثیوں کی بیرکوں اور گوداموں کو نشانہ بنایا ہے۔