• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعد رضوی کو حکومت نے رہا نہیں کیا، وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت


وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کا کہنا ہے کہ سعد رضوی کو حکومت نے رہا نہیں کیا، سعد رضوی کا کیس فیڈرل ریویو بورڈ کے پاس تھا۔

اپنے بیان میں راجا بشارت نے کہا کہ کسی کے رہا ہونے سے ملک میں امن قائم ہوتا ہے تو سراہنا چاہیے۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ کافی مشکل حالات تھے جس سے ملک نکلا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو وفاقی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ٹی ایل پی اور حکومت کے مابین انتشار کو ختم کرنے کے لیے معاہدہ ہوا جس میں کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے مفتی منیب الرحمان نے بطور ضامن معاہدے کے لیے کردار ادا کیا، حکومت کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، علی محمد خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔

معاہدے میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ٹی ایل پی آئندہ کسی لانگ مارچ یا دھرنے سے گریز کرے گی، جبکہ یہ آئندہ بطور سیاسی جماعت قومی دھارے میں شریک ہوگی اور اس کو کالعدم جماعتوں کی فہرست سے بھی نکال دیا جائے گا۔

معاہدے کے مطابق حکومت کالعدم ٹی ایل پی کے گرفتار کارکنوں کو رہا کردے گی، دہشت گردی سمیت سنگین مقدمات کا سامنا کرنے والے کارکنوں کو عدالت سے ریلیف لینا ہوگا۔

بعد ازاں حکومت نے تحریک لبیک پاکستان، سعد رضوی اور اس جماعت کے دیگر 487 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے خارج کر کے شناختی کارڈز اور بینک اکاؤنٹس بحال کردیے تھے۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سربراہ تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی سمیت دیگر کارکنوں کے خلاف 40 مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین