• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3 کروڑ سے زائد بچوں کو انسدادخسرہ وروبیلا ویکسین لگادی گئی

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں 4دنوں کے دوران 3 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد خسرہ و روبیلا ویکسین لگا دی گئی۔ ملک بھر میں انسداد خسرہ و روبیلا مہم کامیابی سے جاری ہے۔ 12 روزہ مہم کا ہدف چوتھے روز تک 34 فیصد حاصل کر لیا گیا۔ سب سے زیادہ 1 کروڑ 68 لاکھ 75 ہزار392 بچوں کو پنجاب میں ویکسین لگائی گئی۔ سندھ میں 57 لاکھ 26 ہزار 272، خیبر پختونخواہ میں 54 لاکھ 11 ہزار 526، بلوچستان میں17 لاکھ 33 ہزار 532، آزاد جموں وکشمیر میں 6 لاکھ 31 ہزار 404، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 18 ہزار 661 جبکہ اسلام آباد میں 2 لاکھ 55 ہزار 494 بچوں کو ٹیکے لگائے گئے۔ مجموعی طور پر ملک بھر میں 3 کروڑ 8 لاکھ 52 ہزار 281 بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کےٹیکےلگائے گئے۔ چار دنوں کے دوران ویکسین کے ضایع ہونے کی شرح 9 فیصد رہی۔ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات سندھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھرپور طریقے سے مہم چلائی جارہی ہے ۔ ای پی آئی کے قومی پروگرام مینیجر ڈاکٹر محمد اکرم شاہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی چار دنوں میں بہت اچھا ریسپانس ملا ہے۔انشاء اللہ 9کروڑ سے زائد بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کریں گے اور اپنے بچوں کو اس بیماری سے محفوظ کریں گے۔

تازہ ترین