کیوبا کی سیکیورٹی فورسز نے امریکا میں رجسٹر کشتی پر فائرنگ کرکے 4 افراد کو ہلاک اور 6 کو زخمی کردیا۔
کیوبا حکومت کا کہنا ہے کہ ان کے پانیوں میں داخل ہونے والی ایک کشتی پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔
کیوبا کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں کو کشتی سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ یہ امریکی کارروائی نہیں تھی اور نہ ہی اس میں امریکی حکومت کا کوئی اہلکار ملوث تھا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ کیوبا کی حکومت نے امریکا کو واقعے سے آگاہ کردیا ہے لیکن ہوانا میں امریکی سفارتخانہ آزادانہ طور پر اس معاملے کی تصدیق کرے گا کہ معاملہ کیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کھلے سمندر میں اس طرح فائرنگ کا واقعہ دیکھنا انتہائی غیر معمولی ہے۔
کیوبا کی حکومت نے یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی ہے جب ان کا امریکا کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔