کوئٹہ (پ ر) کنوینرذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی سینیٹ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ ملکی و صوبائی سطح پر مہنگائی پر کنٹرول سمیت بہت سے چیلنجز ہیں لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں عوام کی خدمت کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، فرسودہ نظام کو بدل کر عوامی امنگوں کے مطابق بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے بزنجو حکومت کوشاں ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے یہ مشن جاری رہے گا۔ بلوچستان میں پسماندہ علاقو ں کو ترقی میں پورا حصہ دینے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے جبکہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجونے جو انقلابی اقدامات اٹھائے ہیںوہ قابل ستائش ہیں۔ سابقہ ادوار میں منصوبے صرف کاغذوں اور اخباری بیانا ت تک ہی محدود تھے جبکہ آج حکومت نے صوبے کو حقیقی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا جس کے ثمرات عوام کو ملنا شروع ہو گئے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور ْصوبے میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے حالات نہایت پرکشش اور سازگار ہیں،اس کے علاوہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم اور صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے والے آئے اور چلے گئے،اب نعروں کا نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت کا دور ہے۔ بی اے پی اور اتحادیوں کی حکومت بھی عوام کی حقیقی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے دن رات کوشاں ہے۔