جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں واقع ایرانی سفارتخانے پہنچ گئے۔
مولانا فضل الرحمان نے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکا انسانیت کا دشمن ہے۔
دوران گفتگو امیر جے یو آئی نے کہا کہ صیہونیت اور یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا،اب بھی فلسطینی شدید تناؤ اور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کے خلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی، بیہودہ قسم کے الزامات لگاکر ان حملوں کا جواز پیش کیا جارہا ہے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ ایران اس وقت صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کر رہا ہے، عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، امت مسلمہ باہم دست و گریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے، امریکا انسانیت کا دشمن ہے۔
ایرانی سفیر نے دوران گفتگو پاک ایران تعلقات پر مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس جنگ میں فتح عالم اسلام کی ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی آمد ہمارے لیے اطمینان کا باعث ہے۔