• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری نے ابھینندن کی مزاحیہ میم شیئر کردی

وفاقی وزیر اطلاعات برائے نشریات فواد چوہدری نے بھارتی ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان کی مزاحیہ میم سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ابھینندن کو بھارتی ایوانِ صدر میں ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے جبکہ ویڈیو میں ایڈیٹنگ کرکے ایوارڈ کی جگہ ’چائے کا کپ‘ دیا جارہا ہے۔


ویڈیو میں ابھینندن کی وہ کلپ بھی شامل ہے جس میں اُنہیں کہتے سُنا جاسکتا ہے کہ پاکستان ایئرفورس نے اُن کا طیارہ گِرایا جس کے بعد مقامی شہریوں نے اُن پر تشدد کیا اور پاک آرمی کے جوانوں نے اُنہیں بچایا۔

اس کے ساتھ ہی ویڈیو میں وہ کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب ابھینندن کی پاکستانی عوام کے ہاتھوں پٹائی ہورہی تھی۔

فواد چوہدری نے مزاحیہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ہیش ٹیگ AbhiNoneDone کا استعمال کیا۔

واضح رہے کہ گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان کو حال ہی میں بھارتی صدر رام ناتھ کوونڈ کی جانب سے 2019ء کی فروری میں پاکستان کا ایف16 طیارہ مار گرانے پر ’ویر چکرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابھینندن مگ 21 طیارے کا پہلا پائلٹ ہے جس نے F-16 کو مار گرایا تھا۔

دوسری جانب حقیقت اس کے بر عکس ہے، 27 فروری 2019ء کو پاکستان ایئر فورس کے بہادر جوانوں کی جانب سے بغیر کسی نقصان کے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی طیارے مِگ21 کو تباہ کر کے ونگ کمانڈر ابھینندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

تازہ ترین