• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے جھوٹا ڈرامہ رچاکر شکست خوردہ پائلٹ کو ایوارڈ دیا، دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان کی ایٹمی تنصیبات اور پروگرام مکمل طور پر محفوظ ہے، امریکا کی جانب سے ڈیموکریٹک سمٹ پر دعوت نامہ موصول ہوا ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شام کی بھرپور حمایت کرتا ہےپاکستان افغانستان کی ہر ممکن امداد کر رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھیں گے]بھارت نےجھوٹا ڈرامہ رچا کر شکست خوردہ پائلٹ کو ایوارڈ دیا، دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایف سولہ گرانے کا جھوٹا ڈرامہ رچا کر اپنے شکست خوردہ پائلٹ کوایوارڈ دیا، بھارت اپنے جھوٹ سے دنیا کو گمراہ نہیں کرسکتا، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا، نام نہاد اور جھوٹے سرچ آپریشن کی آڑ میں بھارت کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہے، عالمی برادری کشمیر میں تشدد کے روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے حقوق اور امتیاز کے حوالے سے آواز اٹھاتا آیا ہے، بھارت کے اندر اور عالمی سطح پر بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے، عالمی برادری بھی اس ضرورت سے آگاہ ہے،افغانستان کے منجمد اثاثوں کی بحالی کیلئے پاکستان اور دیگر ممالک کہہ رہے ہیں کہ بحال کئے جائیں، امید ہے کہ یہ معاملہ حل کر لیا جائے گا افغانستان کے لیے جو 5 ارب روپے کا وعدہ ہوا ہے اس کا بڑا حصہ افغانستان میں گندم کی ترسیل پر صرف ہوگا۔

تازہ ترین