• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں مزید کمی، کئی محکمے لے لئے گئے، ٹاؤن نظام متعارف

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ میں بلدیاتی اداروں کو حاصل اختیارات میں مزید کمی، میٹروپولیٹن سسٹم میں اضلاع ختم کرکے ٹاون نظام متعارف کرادیا گیا ،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ایم سی سے لیکر سندھ حکومت کے حوالے کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے جمعہ کوبلدیاتی قانون میں ترامیم کا بل سندھ اسمبلی سے منظور کرالیا ہے۔

اس بل کے تحت صوبے میں بلدیاتی اداروں کو حاصل اختیارات میں کمی کرکے ان کے اختیارات اور ذمہ داریاں بھی حکومت سندھ نے خود اپنے ذمہ لے لی ہیں۔

سندھ کے نئے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کے تحت صوبے میں نافذ العمل بلدیاتی نظام کی پوری ہیت کو تبدیل کردیا گیا ہے ۔ کئی محکمے بلدیاتی اداروں سے لیکر سندھ حکومت نے اپنے ماتحت کرلئے ہیں۔

نئے قانون کے تحت ضلع کونسل ختم کرکے ٹاون میونسپل کارپوریشن قائم کی جاِئیں گی ۔میونسپل ٹاون کی آبادی ایک لاکھ 25ہزار تک ہوگی ۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حددد میں کوئی دیہی علاقہ نہیں ہوگا۔یونین کمیٹیز کے وائس چیئرمینز ٹاون میونسپل کونسل کے رکن ہونگے

۔نئے بل میں میٹروپولیٹن سسٹم میں اضلاع ختم کرکے ٹاون نظام متعارف کرایا گیا ہے ۔میئر ،ڈپٹی میئر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے بجائے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔

ٹاون میونسپل کونسل کے ارکان اپنے میں سے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کرسکیں گے۔ بلدیاتی اداروں کی مدت حلف اٹھانے سے لیکر چار سال تک ہوگی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی آبادی50لاکھ ہوگی۔

کراچی سے ڈسٹرکٹ کونسل کوختم کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ کونسل کی جگہ ٹائون میونسپل ہونگی۔کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ایم سی سے لیکر سندھ حکومت کے حوالے کردیا گیا۔

عباسی شہید، سوبھراج اسپتال، لیپروسی سینٹر، سرفراز رفیقی سینٹر کے ایم سی لیکر سندھ حکومت کے حوالے ہوگیا ہے ۔

پیدائش اور اموات کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹس کا کام بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا ہے ۔انفیکشن ڈیزیز کا شعبہ بلدیاتی اداروں سے واپس ہوگیا ہے ۔

پبلک ٹوائلٹس بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام رہیں گے ۔نئے قانون کے تحت بلدیاتی ادارے صحت اور تعلیم کے شعبے میں کوئی کام انجام نہیں دے سکیں گے ۔

پبلک ہیلتھ پرائمری ہیلتھ کا شعبہ بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا۔تمام اسپتال، ڈسپنسریز، میڈیکل ایجوکیشن بلدیاتی اداروں سے واپس لے لئے گئے ہیں فرسٹ ایڈ کا شعبہ بھی بلدیاتی اداروں کے پاس نہیں ہوگا ۔

فوڈ اینڈ ڈرنک کے قوانین بنانا، ایسے اداروں کی رجسٹریشن کرنا بلدیاتی اداروں سے واپس لے لیا گیا ہے ۔

بلدیاتی اداروں میں کام کرنے والا طبی عملہ سندھ حکومت کے ماتحت ہوگا تاہم بل کے تحت شادی ہالز، کلبز سے ایڈورٹائزنگ فیس بلدیاتی ادارے وصول کرینگے۔

تازہ ترین