• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی نئی لہر، سندھ میں پھر پابندیاں، کاروبار 10بجے تک

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورونا کی پانچویں لہراورنئے خطرناک ویرینٹ اومی کرون کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظرحفاظتی تدابیر سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

سندھ حکومت نے سی کیٹگری میں شامل اضلاع کے ہوٹلز میں 50 فیصد کراچی میں ان ڈور ڈائننگ کیلئے 30 فیصد نشستیں خالی رکھنے کی پابندی عائد کردی ہے۔ اب کراچی میں ہوٹلز 70 فیصد سے زائد نشستوں پر گاہکوں کو نہیں بٹھا سکیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں سینما ہالز میں ویکسی نیٹڈ افراد کوہی داخلے کی اجازت ہوگی اور کاروباری مراکز رات 10 بجے تک کھلے رکھے جاسکتے ہیں جب کہ تمام تعلیمی ادارے بدستور کھلے رہیں گے۔

سندھ میں وبائی امراض ایکٹ کے تحت نئی پابندیاں 15 دسمبر تک نافذالعمل ہوں گی۔

محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق لاڑکانہ، میرپور خاص، حیدرآباد ڈویژن، خیرپور اور گھوٹکی میں 300 افراد سے زائد شادی بیاہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی گئی ہے۔

سانگھڑ اور سکھر کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں 500 افراد کے ان ڈور اجتماعات کی اجازت دی گئی ہے جبکہ شادی ، سیاحت، تفریح پارکس، سوئمنگ پولز اور فلائٹ میں سفر کورونا ویکسین سے مشروط ہوگا۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی ڈویژن، سانگھڑ اور سکھر اضلاع میں ویکسی نیشن مہم بہتر ہے اس لیے انہیں بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین