کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) مہنگائی کے اس دور میں جہاں عام لوگوں کا گذر بسر مشکل ہورہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے تقریبا دو سو کھلاڑیوں کو چار ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی ہے۔اس بارے میں کھلاڑی پریشانی اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
ایسے میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے اس کوتاہی پر سخت ناراضی اور برہمی کا اظہار کیا اور کرکٹرز کو فوری طور پر چار ماہ کی تنخواہ ادا کرنے کو حکم دیا۔
پی سی بی ترجمان نے اعتراف کیا کہ انتظامی کوتاہی کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والےدو کرکٹرز کو ستمبر سے نومبر تک تنخواہوں میں ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے۔
رمیز راجا کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو اگلے ہفتے سے تنخواہوں کی ادائیگی شروع کردی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ رمیز راجا نے پی سی بی کے ذمے داران کو وارننگ دی ہے کہ ایک کرکٹر پی سی بی کا چیئرمین ہے ،اس کی موجودگی میں کھلاڑیوں کو چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں اور کرکٹرز کو مالی پریشانی کا سامنا ہے۔آئندہ سیزن میں اس قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔