• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضم اضلاع کی محرومیوں کے ازالے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے، اقبال پرویز

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے ریلیف ،بحالی و آباد کاری محمد اقبال وزیر نے وزیرستان میں بورہ خیل انٹرنیشنل فروٹ و سبزی منڈی کا افتتاح کر دیا۔ جس سے بارڈر کے دونوں اطراف فروٹ و سبزی کی تجارت کی جا سکے گی جبکہ مقامی تاجر اور آبادی اس سے مستفید ہو گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، بورہ خیل قوم کے عمائدین، تاجر اور عام شہری موجود تھے۔بورہ خیل انٹرنیشنل فروٹ و سبزی منڈی کی منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ علاقے کی ترقی کے لئے امن ضروری ہے اور امن کے دیرپا قیام کے لیے علاقے کے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ امن ہوگا تو کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی اور جب کاروبار ہوگا تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے علاقہ ترقی کرے گا۔اقبال وزیر نے تقریب میں شریک علاقہ عمائدین اور عوام پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے علاقے اور ملک کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی ترقی اور محرومیوں کے ازالے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں حکومت کی تمام تر توجہ قبائلی اضلاع کی ترقی اور عوام کی خوشحالی پر مرکوز ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ غلام خان بارڈر پر ٹرانزٹ ٹریڈ کے آغاز سے شمالی وزیرستان کی تاجر برادری پہلے کی طرح کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکے گی۔ جس سے نہ صرف علاقہ بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں۔اقبال وزیر نے کہا کہ وزیرستان کے عوام نے انہیں نمائندگی کے لیے چنا ہے اور وہ علاقے کی ترقی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں گے۔ علاقے کے عوام کے معیار زندگی بلند کرنے اور ضم اضلاع کو صوبے کے دیگر اضلاع کے برابر لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
تازہ ترین