• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وبا کے باعث طلبہ ریڈنگ میں تین ماہ پیچھے رہ گئے

لندن (پی اے) وبا کے باعث نوجوان طلبہ ریڈنگ میں اس مقام سے تقریباً3ماہ پیچھے ہیں، جہاں انہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ بات ایک اسٹڈی میں کہی گئی ہے۔ ریسرچ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ایک رپورٹ کے بعد ریڈنگ ڈویلپمنٹ کی سپورٹ کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے سمر ٹرم میں اسکولوں کے مکمل طور پر کھلے رہنے کے باوجود بچے وہ علم حاصل کرنے میں ناکام رہے جو وہ2020ء اور2021ء میں کھو بیٹھے تھے۔ یہ انکشاف ایجوکیشن انڈوومنٹ فائونڈیشن کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ سمر ٹرم کے اختتام تک سال اول کے بچے اس مقام سے تین ماہ پیچھے رہے جہاں پر ان کے ہونے کی توقع تھی، موسم بہار سے رائے ظاہر کی گئی ہے کہ میتھس میں تعلیم کی کچھ بازیابی عمل میں آئی ہے، سال اول کے طلبہ سمر2021ء تک توقع سے صرف ایک ماہ پیچھے تھے، سال دوئم کے طلبہ کے لیے ریڈنگ اور میتھس میں کووڈ گیپ علی الترتیب3اور2ماہ ہے۔ رپورٹ میں پتہ لگایا گیا ہے کہ سال دوئم کے طلبہ اب بھی2021ء کے سمرٹرم تک ریڈنگ میں2ماہ پیچھے تھے۔ تاہم انہوں نے میتھس میں متوقع معیار حاصل کرلیا تھا۔ فائونڈیشن کی چیف ایگزیکٹو پروفیسر بیکی فرانسس نے کہا ہے کہ اسکولوں میں تعلیم کی بازیابی کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ بچوں کی پیش رفت کو واپس پٹری پر لانے اور وبا کے موقع پر ان کی بہبود کی بہالی کے لیے اسکولوں میں پہلے ہی کام کیا جارہا ہے۔ اسٹڈی تیار کرنے والی نیشنل فائونڈیشن فار ایجوکیشنل ریسرچ میں ہیڈ آف کلاس روم پریکٹس اینڈ ورک فورس ڈاکٹر بین اسٹائلز نے کہا ہے کہ ہماری ریسرچ طلبہ خاص طور پر غریب طلبہ کو درپیش چیلنجوں کا احاطہ کرتی ہے اور ہم بازیابی کی ایک پہلی حوصلہ افزا علامت دیکھ رہے ہیں۔ خاص طور پر میتھس میں۔ حکومت نے اپنے بجٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ وبا کے دوران کھوئی گئی تعلیم کی بحالی میں بچوں کی مدد کے لیے اضافی طور پر ایک اعشاریہ8بلین پونڈ فراہم کرے گی اور اس طرح کیچ اپ فنڈنگ4اعشاریہ 9بلین پونڈ تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کی ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کے سرگرم ایجوکیشن ریکوری پلان پر عملدرآمد جاری ہے اور یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ پرائمری اسکولوں میں بچے پیش رفت کے حامل ہورہے ہیں۔ بہرحال یہ واضح ہے کہ ابھی مزید اقدامات کرنے ہیں اور اس لیے ہم اپنے ٹیوٹرنگ پروگرام، اساتذہ کو ورلڈ کلاس ٹریننگ کی سپورٹ اور ارلی لینگویج ڈویلپمنٹ کی سپورٹ میں اضافے اسکولوں کو اضافی فنڈ کی فراہمی اور کالجوں کے اوقات میں سالانہ40گھنٹے کی توسیع کے لیے تقریباً5بلین پونڈ کی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ یہ بے نظیر سپورٹ بچوں اور نوجوان طلبہ کی کھوئی ہوئی تعلیم کی بازیابی اور ان کو پٹری پر واپس لانے میں مدد کرے گی۔
تازہ ترین