• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا مریضوں کی فہرست میں پاکستان 34 ویں نمبر پر آگیا

پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، اس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آ رہی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 34 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 372 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 6 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 262 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 82 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 767 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار 825 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 12 ہزار 452 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 854 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 45 ہزار 606 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 45 ہزار 307 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 22 لاکھ 11 ہزار 141 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں اب تک کُل 12 کروڑ 47 لاکھ 60 ہزار 553 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 5 کروڑ 11 لاکھ 63 ہزار 78 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 76 ہزار 674 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 626 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 43 ہزار 453 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 37 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار 316 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 858 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 7 ہزار 887 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 958 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 576 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 742 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 506 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 360 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 413 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

صحت سے مزید