• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پراپرٹی ویلیو میں 35 سے 700 فیصد اضافہ فاش غلطی، رحمت اللّٰہ وزیر

اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر کے سابق ممبر ٹیکس پالیسی رحمت اللہ خان وزیر نے کہا ہے کہ ایف بی آر نے غیر منقولہ پراپرٹی کی ویلیو بعض علاقوں میں 35فیصد سے 700فیصد تک بڑھا کر فاش غلطی کی ہے۔ وہ اتوار کو رات گئے جنگ کے سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ رحمت اللہ خان وزیر جو ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو آپریشنز کے ممبر کے علاوہ ممبر آڈٹ بھی رہے‘ نے کہا کہ ایف بی آر کے اس ایکشن سے ملک میں کاروباری سرگرمیاں کم و بیش بند ہو جائینگی اور ملکی معیشت سست روی کا شکار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو غیر منقولہ پراپرٹیز کی ویلیو کو زیادہ سے زیادہ 10سے 15فیصد تک بڑھانا چاہئے تھا‘ جیسا کہ 2016ء میں ایف بی آر نے غیر منقولہ املاک کی ویلیو سٹیک ہولڈرز سے مشاورت سے بڑھا کر قابل عمل مثال قائم کی تھی۔ اُس وقت ایف بی آر نے غیر منقولہ پراپرٹیز کی ویلیو ایشن کا میکانزم تاریخ میں پہلی مرتبہ متعارف کرایا کیونکہ دس سے پندرہ فیصد سے زیادہ غیر منقولہ پراپرٹی کی ویلیر میں اضافہ کرنے سے اقتصادی سرگرمیاں ماند پڑ جاتی ہیں اور ملکی معیشت کمزوری کی طرف گامزن ہو جاتی ہے‘ پراپرٹی کی خریدو فروخت کا کم و بیش بند ہو جاتا ہے۔ ایف بی آر کے سابق سینئر ممبر نے کہا کہ موجودہ ویلیو میں 35سے 700 فیصد اضافہ غیر دانش مندانہ ہے‘ اس سے تعمیراتی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہو جائینگی حالانکہ وزیراعظم عمران خان نے رئیل اسٹیٹ انڈسٹری کے فروغ کیلئے بار بار مراعات سہولیات کا اعلان کیا جس سے رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں کروڑوں اربوں روپے کی سرمایہ کاری آئی مگر ایف بی آر نے غیر منقولہ پراپرٹی کی ویلیو میں جو اضافہ کیا ہے اس سے ٹیکس کی وصولیاں بہت کم ہو جائینگی اسکے علاوہ آئرن سٹیل سیمنٹ بلاکس اینٹوں اور تعمیراتی انڈسٹری سے وابستہ پچاس سے زائد صنعتوں میں کساد بازاری آئیگی‘ ہزاروں لوگ بیروزگار ہونگے‘ جو کنسٹرکشن کا کام کرتے ہیں یا اسکے بنیادی چیزوں سیمنٹ سریا لکڑی سنیٹری کے کاروبار میں مصروف ہیں۔ اس سے آئرن سٹیل انڈسٹری بیٹھ جائیگی۔ فوری طور پر ایف بی آر کو اسلام آباد ڈیویلپرز اور بلڈرز ایسوسی ایشن اور اسی نوع کے ملک بھر کے کنسٹرکشن کے اداروں‘ اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز‘ تمام بڑے شہروں اور قصبات سے بلا کرانکی آراء کے مطابق غیرمنقولہ پراپرٹی کا تعین کیاجائے۔

تازہ ترین