فرانس میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ کے دوران افواج پاکستان اور پاک فوج کے شاہینوں کی بے مثال کارکردگی اور آپریشن بنيان مرصوص کی کامیابی پر پیرس کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں یومِ تشکر منایا اس موقع پر وہاں جشن کا سماں تھا۔
اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے یوم تشکر میں شامل افراد پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے جنرل سیکرٹری رانا محمود علی، تصویر حسین تارڑ، راجہ اشفاق احمد، خان اصغر خان صدر یوتھ ونگ، چوہدری شہباز کسانہ، عصمت گوندل، راجہ علی، ملک ارشاد احمد، چوہدری محمد حسین، کشمیری رہنما مرزا آصف جرال اور راجہ ابرار حسین نے کہا اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل کرم سے ہماری مسلح افواج نے بھارتی وزیراعظم کے غرور و تکبر کو خاک میں ملا دیا اور بھارتی فوج کو دندان شکن جواب دیا۔
انہوں نے دوران جنگ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو لمحہ ب لمحہ حقائق سے باخبر رکھنے پر پاکستانی میڈیا کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
اس موقع پر معروف نعت خوان حافظ معظم نے خصوصی دعا کرتے ہوئے اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے ساتھ ساتھ ملک پر جان نثار کرنے والوں کے لیے دعا کروائی، بعدازاں ملک کی کامیابی پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔