کراچی(اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشز سیریز کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔ہفتے کو وولن گابابرسبین میں میچ کے چوتھے دن ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 147 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 425 رنز بنائے، دوسری اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 297 رنز ہی بناسکی جس کے باعث آسٹریلیا کو جیت کے لیے صرف 19 رنز کا ہدف ملا۔دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 19 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 5 اوورز میں پورا کرلیا، آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 152 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے انگلش ٹیم کو میچ فیس کا سو فیصد اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے پانچ پوائنٹس کاجرمانہ عائد کردیا گیاہے۔میچ میں آسٹریلیا کے اسپنر نیتھن لیون نے 400 شکار مکمل کر لئے۔ نیتھن لیون نے برسبین ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کو آؤٹ کر کے 400ویں وکٹ حاصل کی۔ نیتھن لیون 400 وکٹیں لینے والے تیسرے آسٹریلین اور دنیا کے 17 ویں بولر ہیں۔