• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیاں شروع ہوتے ہی جلنے کے واقعات میں اضافہ، روک تھام کیلئے آگاہی مہم شروع


طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی جلنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، ایک سال میں 4 ہزار سے زائد جلنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین نے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مہم شروع کردی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو کچن سے دور رکھیں۔

لاہور میں میر خلیل الرحمٰن سوسائٹی اور فرینڈز آف میو اسپتال کے تعاون سے برن آگاہی سمینار ہوا جس میں طبی ماہرین نے جلنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مہم کا آغاز کیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ عام طور پر لوگ ہیٹر، سلنڈر، گرم پانی، ماچس یا لائٹر سے جھلستے ہیں، آگ لگنے کی صورت میں کمبل کی بجائے ٹھنڈا پانی ڈالا جائے، جھلسے ہوئے مریضوں کو فوری ڈرپ لگانا ضروری ہے۔

سیمینار سے جن ماہرین نے خطاب کیا ان میں ہیڈ آف پیڈیاٹرک میواسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف، سرجن پیڈیاٹرک میواسپتال ڈاکٹر مستحسن،  ممبر فرینڈز آف میواسپتال فاطمہ فضل اور دیگر شامل تھے۔ 

سیمینار کے شرکاء کا کہنا تھا کہ برن انجریز سے متعلق تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی دینے کی ضرورت ہے، بچوں کو اینیمیڈ کتابوں اور کارٹون کی مدد سے آگاہی دیں گے۔ 

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 85 فیصد جلا ہوا بچہ نہیں بچ سکتا، لوگوں میں شعور پیدا کرکے جلنے کے واقعات کو روکا جاسکتا ہے۔ 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دوسرے ممالک کی نسبت جلنے کے واقعات زیادہ ہو رہے ہیں، والدین اپنے بچوں کو ایسے واقعات سے بچائیں۔ 

سیمینار میں برن آگاہی کا گیت بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین