کراچی (نیوز ڈیسک) چین کے سرکاری میڈیا نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے تائیوان کے چین کے ساتھ الحاق کو روکنے کی کوشش کی تو چین امریکی فورسز کو نشانہ بنانے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔ چائنیز اخبار گلوبل ٹائمز نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون کے بیان پر تبصرہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سفارت کاری اور مزاحمت سمیت امریکا ہر وہ اقدام کرنے کو تیار ہے جس سے چین کو تائیوان پر عسکری لحاظ سے قبضہ کرنے سے روکا جا سکے۔ اسی بیان کی جھلک امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے الفاظ میں بھی نظر آئی جب انہوں نے خبردار کیا کہ تائیوان کے حوالے سے چین کا کوئی بھی جنگی اقدام سنگین غلطی ہوگی۔ چائنیز میڈیا میں شائع ہونے والے اداریے میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے پاس ایسا کچھ نہیں جس سے وہ تائیوان کے چین کے ساتھ الحاق کو روک سکے۔ اداریے میں کہا گیا ہے کہ تائیوان کی مدد کیلئے آنے والے امریکی فوجیوں کو چین کی فوج بھرپور انداز سے نشانہ بنائے گی، توقع ہے کہ جیک سولیون اپنا بیان واپس لے لیں گے کیونکہ ایک تباہ کن جنگ کی قیمت پر امریکا میں اتنا دم نہیں کہ وہ تائیوان کو بچانے کیلئے آگے بڑھے۔ اداریے میں کہا گیا ہے کہ تائیوان کا چین کے ساتھ طاقت کے بل بوتے پر الحاق یقیناً ہوگا تاوقتیکہ امریکا تائیوان کو قائل کر لے کہ بھلائی اسی میں ہے اور چین کے ساتھ ’’ایک ملک دو نظام‘‘ کا خیال قبول کر لیا جائے تاکہ الحاق پر امن انداز سے ہو سکے۔