• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے دورے پر آئی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مزید تین کھلاڑیوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اگرچہ نئی ون ڈے سیریز ملتوی ہوگئی تاہم توقع کی جاتی ہے کہ دونوں کرکٹ بورڈز کے فیصلے کے بموجب آئندہ برس جون میں ویسٹ انڈین کھلاڑی پاکستان آکر ملتوی شدہ میچوں کے علاوہ تین اضافی ٹی ۔20انٹرنیشنل بھی کھیلیں گے تو یہ سب میچ یقینی پر پاکستان اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کے لیے کشش و دلچسپی کے باعث ہوں گے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کو کورونا وائرس 36گھنٹے فلا ئٹ کے دوران یا ٹرانزٹ میں دو ایئرپورٹس پر گزارے گئے وقت میں منتقل ہوا ۔ پاکستان آنے کے فوری بعد اس ٹیم کے جو کووڈ ٹیسٹ کئے گئے ان سے تین کھلاڑیوں اور میڈیا منیجر کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا۔ بدھ 15دسمبر کو دوسرے کورونا ٹیسٹ میں بھی تین کرکٹرز، اسسٹنٹ کوچ اور ٹیم ڈاکٹر میں کووڈ کے اثرات ظاہر ہوئے جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے پاس کھیلنے کے لیے صرف 14کھلاڑی دستیاب رہ گئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے مشترکہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ٹیموں کی ویلفیئر اور ویسٹ انڈیز ٹیم کے پاس موجود محدود وسائل کے پیش نظر نئی تین روزہ سیریز موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹیم کے جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ ٹیسٹ مثبت پائے گئے وہ کراچی میں قرنطیہ کی مدت مکمل کریں گے۔ جمعرات کے روز کراچی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز نے تین وکٹ پر 207کا ہدف دیا تھا جو اس گرائونڈ پر پاکستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا تاہم پاکستان نے سات گیند قبل سات وکٹ سے میچ جیت کر کلین سوئپ کرلیا۔ توقع ہے کہ جون 2022ء کے مجوزہ کھیلوں کے دوران دونوں ٹیموں کے ارکان فٹ ہوں گے اور حسب سابق بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین