• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر اعظم کے والد کا نوجوانوں کیلئے اہم پیغام

بابر اعظم کے والد کا نوجوانوں کیلئے ایک اہم پیغام ، فوٹو انسٹاگرام
بابر اعظم کے والد کا نوجوانوں کیلئے ایک اہم پیغام ، فوٹو انسٹاگرام 

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیق نے نوجوان نسل کو کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک اہم مشورہ دیا ہے۔

اعظم صدیق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہم پیغام میں پاکستان کے نوجوانوں کو ناموں کے ساتھ اپنی ذات پات کے استعمال کے بجائے والد کے نام کو منسلک کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’سلام پاکستان، جب آپ شناختی کارڈ بنوانے جائیں تو دو نام سامنے لکھے جاتے ہیں آپ کا اور آپ کے والد محترم کا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ’اور اس سے بھی زیادہ اہم جب آپ کا اے ٹی ایم وغیرہ بنتا ہے انتہائی خفیہ طور پر آپ کی والدہ محترمہ کا نام لیا جاتا ہے یہ کوئی انوکھی بات نہیں، کتابوں کی امام کتاب قرآن پاک میں ہر نبی کو بھی والد کے نام سے نسبت دی گئی ہے اور صرف عیسٰی ابنِ مریم کو والدہ کے نام سے پکارہ گیا ہے۔‘

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ ’یقین مانیں کہیں ذات پات کا ذکر نہیں ہے، ماں باپ کی حیاتی اور وفات کے بعد اپنے اچھے اعمال سے اِن کے نام اپنے ناموں کے ساتھ زندہ رکھیں۔‘

اعظم صدیقی نے والد کے نام کی اہمیت بتاتے ہوئے لکھا کہ ’آج اگر آپ اپنے نام کے ساتھ والد کا نام لکھیں گے تو آپ کی اولاد یہ عمل ضرور دُہرائے گی اور فخر بھی کرے گی۔‘

اعظم صدیقی نے بتایا کہ’انہوں نے اپنے نام کے ساتھ اپنے والد کا نام محمد اعظم صدیق 20 سال کی عمر میں لکھا تو ان کے بیٹے بابر نے 16سال کی عمر میں اپنا نام محمد بابراعظم لکھا۔‘

انہوں نے والدین کے نام کا انسان کی زندگی میں خاص مقام بتاتے ہوئے لکھا کہ ’جن کا نام اللّٰہ نے آپ کے نام کے ساتھ جوڑ کر آپ کو شناخت دی ان کا نام برکت کے طور پر آج ہی اپنے نام سے منسلک کریں کیونکہ دنیا اور آخرت میں ان ناموں سے ہی آپ کی پہچان اور حساب ہو گا، یہ ذات پات کچھ بھی نہیں، جزاک اللّٰہ۔‘

آخر میں اُنہوں نے وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو اس پوسٹ پر پرسنل سوالوں سے اجتناب کرنے کی درخواست کی۔

تازہ ترین