ویسٹ انڈیز ویمنز نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
کراچی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے سدرا امین 10 اور گل فیروزہ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، منیبہ علی ڈٹ گئیں اور ایک اینڈ سنبھالا تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں، منیبہ نے 47 گیندوں پر 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پاکستان کا اسکور 7 وکٹ پر 121 رنز رہا۔
ویسٹ انڈیز ویمن کی ہیلی میتھیوز نے تین وکٹ حاصل کیے۔
مہمان ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 21 رنز پر گنوا دی، کپتان ہیلی میھیتوز نے شاندار بیٹنگ کی اور 43 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، شیمین کیمبل 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، مہمان ٹیم نے ہدف 10 گیندوں پہلے 3 وکٹ پر پورا کرلیا۔
مہمان ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا، انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں۔