کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں ۔ بلاول بھٹو زرداری اور فیصل کریم کنڈی کے درمیان خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے پر بات چیت کی گئی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے مہنگا اور نیا پاکستان مسترد کردیاہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ْبلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور میں جیالے امیدوار کی کامیابی پر کارکنان اور تنظیم کے لئے شاباش کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میئر کے انتخابات میں بھی جیالے اچھا پرفارم کرینگے۔ پیپلزپارٹی نے خیبرپختونخوا کے انتخابات میں پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ دریں اثنا بلاول بھٹو سے سندھ میں تعلیم و ثقافت و سیاحت و نوادرات و آرکائیو کے وزیر سردار شاہ نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی، جس میں سردار شاہ نے اپنے محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔