• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمیل احمد کی بطور ڈی جی نیب لاہور تعیناتی چیلنج


قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل جمیل احمد کی تعیناتی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ تعیناتی قواعد کے مطابق نہیں، اس تعیناتی سے نیب کے دیگر ملازمین کی ترقی بھی متاثر ہوگی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار ڈی جی نیب لاہور جمیل احمد کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت کریں گے۔

محمد اقبال ایڈوکیٹ نے بیرسٹر ظفر اللّٰہ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی ہے جس میں چیئرمین نیب، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور ڈی جی نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رولز میں نرمی کرکے کی گئی ڈی جی نیب کی ایک سال کے لیے کنٹریکٹ پر تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں ڈی جی نیب لاہور کی تعیناتی کا 30 نومبر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے حکم امتناع کی متفرق درخواست بھی جمع کروائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست پر فیصلہ ہونے تک ڈی جی نیب لاہور کو عہدے پر کام سے روکا جائے۔

تازہ ترین