بھارتی میوزک ڈائریکٹر، کمپوزر، گلوکار اور پروڈیوسر امال ملک نے اپنے چچا انو ملک کو سنگدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب میری ماں امید سے تھیں تو انھوں نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔
بگ باس 19 میں شریک 35 سالہ امال ملک نے کہا کہ انو ملک نے میرے والد ڈبو ملک کو دھوکا دیا اور میری والدہ جو کہ امید سے تھیں ان سے بدسلوکی کی۔
واضح رہے کہ ممبئی سے تعلق رکھنے والے امال ملک اکثر اپنے دوستوں سے اپنے خاندان کی جدوجہد کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں۔ انھوں نے اس دور کا ذکر کیا جب وہ صرف 7 برس کے تھے اور ان کے چچا کے خاندان نے انھیں گھر کے باہر چھوڑ دیا تھا۔
امال ملک نے کہا کہ ہمارے دادا سردار ملک کے ورثے کو چچا نے آگے بڑھایا، جب میں نے اپنا کیریئر ’’سورج ڈوبا ہے‘‘ سے شروع کیا، تو انو ملک نے ’’موہ موہ کے دھاگے‘‘ جیسا ہٹ گیت گایا۔ امال نے انکشاف کیا کہ کس طرح انو ملک نے انکے والد ڈبو ملک کو ایک بار بلا کر ان سے ایک فرضی ریکارڈنگ کروائی، جبکہ یہ برسوں پہلے اُدت نارائن گا چکے تھے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ یہ اتنے سنگدل ہیں کہ جوہو جہاں بارش کا پانی سیلابی شکل اختیار کرلیتا ہے مجھے 7 سال کی عمر میں پانی میں ڈوبنے کے لیے چھوڑ کر گھر کا گیٹ بند کرکے اندر چلے گئے تھے جس کے بعد میرے والد کے دوست اور انکی اہلیہ نے مجھے وہاں سے نکال کر اپنی کار میں میرے گھر پہنچایا۔
اسی وجہ سے میں ان کے حوالے سے اتنا تلخ ہوجاتا ہوں۔ امال نے اپنی والدہ کی جدوجہد کا بھی بتایا اور کہا جب میں پیدا ہونے والا تھا تو چچا اور ان کے خاندان نے میری والدہ کو سخت ذہنی ٹارچر کیا جس کی وجہ سے میں اتنا تلخ ہوں مجھے رحم کا ٹراما ہے۔
امال ملک نے بگ باس 19 کے حوالے سے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ تر وقت سوتے رہتے ہیں تسلسل کے ساتھ کام نہیں کرتے۔