آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سوشل میڈیا پر اپنی 6 سالہ بیٹی کی میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے کی ویڈیو اپ لوڈ کی جو کہ وائرل ہو رہی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں ڈیوڈ وارنر نے لکھا ہے کہ ’انڈی کی ایم سی جی میں پہلی ہٹ‘۔
آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر نے ایشیز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوران اپنی فیملی کے ساتھ کئی سرگرمیوں میں حصہ لیا، ان میں ایک گراؤنڈ میں اپنی بیٹیوں کے ساتھ دوڑ اور کرکٹ کھیلنا بھی شامل رہا۔
آسٹریلوی ٹیم جب ایشیز سیریز جیتنے کا جشن منا ر ہی تھی تو ان کی بیٹیاں گراؤنڈ میں موجود تھیں، اس کے بعد ان کی بیٹی نے گراؤنڈ میں شاندار بیٹنگ کی اور ڈیوڈ وارنر نے ہٹ مارنے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جو مختلف تبصروں کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ اخبارات نے بھی تبصرہ کیا کہ ڈیوڈ وارنر کی بیٹی انگلش بیٹسمینوں سے زیادہ اچھا کھیلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
خیال رہے کہ میلبرن گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 14 رنز سے شکست دی تھی جس کے بعد میزبان ٹیم کو 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔