پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین کے بیٹے نے والد پر قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے واقعے سے متعلق تفصیلات بتادیں۔
لاہور کے میو اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین کے بیٹے نے کہا کہ ان کے والد بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے علاقے کے دورے پر تھے۔
بلال یاسین کے بیٹے نے کہا کہ والد کے دورے کے دوران موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر لاہور کے علاقے موہنی روڈ میں فائرنگ کی گئی ہے، موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے بلال یاسین پر فائرنگ کی۔ بلال یاسین کو میو اسپتال لاہور منتقل کیا گیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) میو اسپتال ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو تین گولیاں لگیں، دو پیٹ میں اور ایک گولی ٹانگ پر لگی۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بلال یسین پرفائرنگ کےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔