• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی وطن واپسی کا بندوبست نہ ہونے پر آئی سی سی پر برس پڑے

جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے بعد ملک واپسی کا بندوبست نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر برس پڑے۔

7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں شریک ٹیم جنوبی افریقہ کے کھلاڑی کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیوڈ ملر نے یکساں پالیسی نہ ہونے پر سوشل میڈیا پر آئی سی سی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

دوسری طرف ملک واپسی کے انتظار میں بیٹھے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی اپنی بے بسی کا اظہار کرچکے ہیں۔

کوئنٹن ڈی کاک نے کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ آئی سی سی سے ابھی تک ہمارے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ہم سے پہلے واپس جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔

ڈیوڈ ملر نے کہا کہ یہ کافی مزاحیہ سی بات ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم جو ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ کے بعد ایونٹ سے باہر ہوئی وہ آج رات چارٹرڈ طیارے پر واپس جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو کولکتہ میں ابھی بھی جواب کا انتظار ہے جبکہ آئی سی سی کو انگلینڈ کی ٹیم کے لیے چارٹرڈ طیارہ انتظام کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔

ڈیوڈ ملر نے یہ بھی کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 7 جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 4 دن سے وطن واپسی کی فلائٹ کا انتظار کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی سوشل میڈیا پر وطن واپسی کے حوالے سے تنقید کرچکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید