• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 01 جنوری ، 2022

سال 2021: انٹرٹینمٹ کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز ہوگیا ہے، اس موقع پر یہاں گزشتہ برس کی انٹرٹینمنٹ کیٹگری کی اُن خبروں کے حوالے سے بات کی جائے گی جو سال 2021 میں سب سے زیادہ پڑھی گئیں۔

سال 2021 میں متنازع ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ اپنے مختلف بیانات کے باعث انٹرٹینمنٹ کیٹگری میں چھائی رہیں، اس کے علاوہ عالمی شہرت یافتہ کامیڈین عمر شریف کی علالت، بیرونِ ملک روانگی اور پھر انتقال کی خبروں میں بھی ہمارے پڑھنے والوں نے خوب دلچسپی لی۔

ٹاپ ون: عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل کو جرمنی میں کئی گھنٹے تھانے میں کیوں گزارنے پڑے؟

انٹرٹینمٹ کیٹگری میں عمر شریف کی بیرونِ ملک سفر کے دوران ان کی اہلیہ زریں غزل کو درپیش مسائل پر مبنی ایک خبر کو سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

ایئر ایمبولینس میں عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل کے پاس جرمنی کا ویزہ نہیں تھا، جس کی وجہ سے وہ ایئرپورٹ سے باہر نہیں جاسکتی تھیں اور اپنے شوہر کی اسپتال میں نگہداشت نہیں کر پا رہی تھیں۔ انہیں ہنگامی ویزے کی ضرورت پڑی تو انہیں پولیس سے رجوع کرنا پڑا تھا۔

ٹاپ ٹو: مفتی قوی اور حریم شاہ کی مزید ویڈیوز منظرِ عام پر آگئیں

متنازع ٹک ٹاکر و اداکارہ حریم شاہ اپنی وائرل ویڈیوز و بیان کی وجہ سے خوب خبروں میں رہیں، مفتی قوی کے ساتھ ویڈیوز کے گزشتہ برس بھی خوب چرچے رہے۔

 بعد میں مفتی قوی کے خاندان نے ان سے لاتعلقی کا اظہار  کردیا تھا۔

ٹاپ ٹو ہی نہیں بلکہ ٹاپ فائیو تک حریم شاہ کی ہی خبریں سب سے زیادہ پڑھی گئیں۔

ٹاپ 3: ترکی میں موجود حریم شاہ مشکل میں پھنس گئیں

ٹاپ 4: حریم شاہ کا عزیز الرحمٰن کی گرفتاری پر ردعمل

ٹاپ5: حریم شاہ کی اپنی زندگی کیساتھ تصویر منظرِ عام پر

ٹاپ 6: عمر شریف انتقال کر گئے

ٹاپ 6 میں سال کی سب سے زیادہ غم میں مبتلا کردینے والی خبر یعنی عمر شریف کے انتقال کی خبر رہی۔

لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔

عمر شریف کئی ہفتوں تک کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹروں نے عمر شریف کو علاج کیلئے امریکا کے اسپتال میں داخل کرانےکا کہا تھا، عمر شریف کو 28 ستمبر کو ایئرایمبولنس میں روانہ کیا گیا تھا لیکن وہ 2 اکتوبر کو دارِ فانی سے کوچ کرگئے۔

ٹاپ7: عتیقہ اوڈھو کا تیسری شادی سے متعلق انکشاف

اس خبر کا ٹاپ ٹین میں ہونے کی وجہ سینئر اداکارہ کا پہلی مرتبہ کسی شو میں اپنی نجی زندگی سے متعلق کُھل کر بات کرنا تھی۔

 عتیقہ اوڈھو جون 2012 میں ثمر علی خان سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔

ڈاکٹر ثمر علی خان 2013 سے 2018 تک رکن سندھ اسمبلی رہ چکے ہیں۔

ٹاپ 8: مینارِ پاکستان واقعہ: میرا کے بیان نے سب کو حیران کردیا

لالی ووڈ اداکارہ میرا جو آئے دن اپنے عجیب و غریب بیانات کے باعث خبروں میں رہتی ہیں، گزشتہ برس اگست میں پیش آنے والے مینارِ پاکستان واقعے پر بھی ان کا بیان سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا تھا۔

میرا نے مردوں کو مشورہ دیا تھا کہ ’لڑکیوں کو اتنی عزت دیں کہ وہ خود ہی آپ کو چھیڑنے پر مجبور ہوجائیں۔‘

ٹاپ 9 : بھارتی اداکارہ نے اسلام کیوں قبول کیا؟

بھارت کی کناڈا، تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ سنجنا گلرانی نے دو سال قبل اسلام قبول کر کے اپنا نام ماہرہ رکھنے کی خبر بھی خوب پڑھی گئی۔

ماہرہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسلام کے متعلق گہرا مطالعہ کیا، مذہب اسلام پر چلنے والوں سے تبادلہ خیال کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ اسلام ایک سچا مذہب ہے ۔

دیگر سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبروں میں دلیپ کمار کتنی مالیت کےاثاثے چھوڑگئے؟ ، صاحبہ نے فردوس عاشق کیساتھ ’پپیوں جھپیوں‘ کی تصویر شیئر کردی، ارچنا کا سدھو کے واپس آنے پر کپل شرما شو چھوڑنے کا فیصلہ، شامل ہیں۔