• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان کے 4 شہروں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10فیصد سے زیادہ ہو گئی، وفاقی حکام کے مطابق کراچی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 30 فیصد سے زیادہ رہی۔

وفاقی حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 30 اعشاریہ 83 فیصد رہی، جبکہ لاہور میں شرح 13 اعشاریہ 5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے دیگر شہروں کی بات کی جائے تو شہر اقتدار میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10اعشاریہ 75 فیصد ہوچکی ہے، سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10اعشاریہ 68 فیصد ہے۔

وفاقی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا کیسز کی شرح ساڑھے آٹھ فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 340 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 207 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 71 فیصد پر آ گئی۔


پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 19 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 28 ہزار 487 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 35 ہزار 677 زیرِ علاج مریضوں میں سے 752 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 63 ہزار 791مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 809 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 41 لاکھ 86 ہزار 508 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید