اسلام آباد(نمائندہ جنگ)متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفون رابطہ کیااورانہیں ابوظہبی میں ہونیوالے دہشتگردی کے حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے دہشتگردی کیخلاف کارروائی پر اتفاق کیا،دہشتگرد کارروائیاں امارات کی خودمختاری کی خلاف ورزی ، وزیرخارجہ ، خسروبختیارکی ملاقات ، گنی بساؤ کی ہم منصب کوفون،منگل کو دفتر خارجہ سے جاری ہونیوالی تفصیلات کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی سے دہشتگردی کے واقعے میں پاکستانی شہری کی ہلاکت پر دلی تعزیت کی، شاہ محمود قریشی نے حوثی ملیشیا کے شہری علاقوں پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی، دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔دریں اثناء وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کےدوران گفتگو کرتےہوئےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے ذریعے جنوبی پنجاب کے عوام کیساتھ کئے ہوئے وعدے کی تکمیل کی۔