سندھ کے بلدیاتی قانون کے خلاف کراچی میں جماعت اسلامی کا دھرنا پچیسویں روز میں داخل ہوگیا۔
سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کےشرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ستائیس فروری سے پہلے معاملہ حل کردیں ورنہ یہ مارچ بلاول ہاؤس پر پڑاؤ ڈالے گا۔
سراج الحق نے کہا کہ سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف مرد و خواتین، بچے، بوڑھے اور جوان کئی دن سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں لیکن سندھ کے سنگ دل حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
انہوں نے کہا کہ دھرنا جتنا طویل ہوگا اتنا ہی نقصان پیپلزپارٹی کو ہوگا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے، کوئی بھی اکثریت آئین کے برخلاف فیصلہ نہیں کرسکتی۔