• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: کورونا کیسز کی شرح 22 فیصد سے متجاوز


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ جاری ہے، جہاں مثبت کیسز کی شرح 22 فیصد سے زیادہ ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور یہ اب تک کی بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں کورونا کے 8 ہزار 234 ٹیسٹ کیے گئے جن کے نتیجے میں 1 ہزار 836 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی شرح 12 اعشاریہ 81 فیصد ہو گئی


ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ اقتدار میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 22 اعشاریہ 30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے والے علاقوں میں بند کی جانے والی گلیوں میں نقل و حرکت جاری ہے۔

دوسری جانب پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 43 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، تاہم یہاں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 357 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 17 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 556 مریض شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 122 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 81 ہزار 152 ہو چکی ہے۔

قومی خبریں سے مزید