پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی کی حکومت کرپٹ اور چور ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی ادارے کی رپورٹ فردِ جرم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں، ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا، عمران نیازی کی وزارتِ عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیرِ اعظم چور ہے، کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی، نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔
صدر نون لیگ نے کہا کہ ہماری گڈ گورننس،شفافیت اور اصلاحات سے کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 117 پر آ گئی تھی، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہر شعبے میں کرپشن ہو گی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا، کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں، 2019ء سے 2021ء تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی، اگر وزیرِ اعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کا اثر نیچے نظر آتا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے ۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو، ای آئی یو کا 40 فیصد، ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد اسکور کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فردِ جرم ہے۔