• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن: پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات متعلق اجلاس

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں اور قانون کے مطابق الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کے بعد الیکشن کا شیڈول جاری کردے گا۔

الیکشن کمیشن میں پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد سے متعلق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

سیکریٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں دو مرحلوں میں انتخابات کروانا چاہتی ہے ۔ پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن، ملتان ڈویژن، بہاولپور ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن میں انتخابات کرواناچاہتی ہے۔

صوبائی گورنمنٹ پنجاب میں پہلے مرحلے کے انتخابات15 مئی سے 31مئی تک کروانا چاہتی ہے۔ الیکشن کمیشن اسکی 15 سے 20 دن کی ایڈجسمنٹ کے بعد الیکشن کا شیڈول جاری کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں اور قانون کے مطابق الیکٹورل گروپس کی رجسٹریشن کے بعد الیکشن کا شیڈول جاری کردے گا، لیکن الیکشن کمیشن یہ فیصلہ کرے گا کہ کن اضلاع میں پہلے مرحلے میں انتخابات ہوں گے اور کن اضلاع میں دوسرے مرحلے میں انتخابات ہوں گے، کیونکہ انتخابات کے مکمل انتظامات اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانا ضروری ہے، پنجاب حکومت کی گزارشات کو مد نظر رکھا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے دوران کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گا، کسی قانونی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ صوبہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے لیے حلقہ بندی کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت ڈرافٹ الیکشن رولز الیکشن کمیشن کو مہیا کردیے ہیں۔ رولز پر الیکشن کمیشن نے کام مکمل کر لیا ہے اور اس فیڈ بیک 2 دن تک پنجاب حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2019 کی صوبائی اسمبلی سے جلد ازجلد قانون سازی یقینی بنائی جائے، الیکشن کمیشن کو کنڈکٹ آف الیکشن رولز کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔

قومی خبریں سے مزید