اسلام آباد (ایجنسیاں، جنگ نیوز) سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی کیخلاف درخواست واپس کردی۔ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر اعتراضات لگا کر اسے واپس کرتے ہوئے کہا کہ تاحیات نااہلی کے معاملے پرسپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجربینچ فیصلہ دے چکا ہے۔ دوسری سپریم کورٹ بار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے کہا گیا کہ نظرثانی کی درخواستیں بھی مسترد کی جاچکی ہیں،جب معاملے پر ایک بار فیصلہ ہوجائے تو نئی درخواست دائر نہیں جاسکتی۔رجسٹرار آفس کا کہنا ہےکہ تاحیات نااہلی کے معاملے پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ فیصلہ دے چکا ہے اسلئے درخواست گزار انفرادی شکایت لیکر آیا جو 184/3کے دائرہ کار میں نہیں آتی، 184/3کے اختیار سماعت سےمتعلق اٹھائے گئے نکات اطمینان بخش نہیں۔ درخواست کی واپسی کے بعد سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات کیخلاف اپیل کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔صدرسپریم کورٹ بار احسن بھون کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے۔ آرٹیکل 184 تھری کے تحت سپریم کورٹ بطور ٹرائل کورٹ امور انجام نہیں دے سکتی انہیں عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل کا حق نہیں ہوتا۔