• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، دسمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ، بجلی 2روپے 59پیسے سستی ہوگی


کراچی کے شہریوں کیلئے خوش خبری ، نیپرا کی دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے زریعے فی یونٹ بجلی 2روپے 59پیسے تک سستی ہو گی اور صارفین کو 3ارب روپے کا فائدہ ہو گا ، نیپرا نے سماعت مکمل کر لی اور تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا ۔

کے الیکٹرک کی طرف سے دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 1 روپے 79پیسے سستی کرنے کی درخواست کی گئی تھی ۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت اس درخواست کی سماعت کی گئی ، دوران سماعت نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست میں کچھ مزید ایڈجسٹمنٹ کیں اور بتایاکہ دسمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 2روپے 59پیسے سستی ہو گی۔

کے الیکٹرک نے کہاکہ دسمبر ایڈجسٹمنٹ کےتحت بجلی سستی ہونےکی بڑی وجہ فرنس آئل کاکم استعمال ہے،چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک اورسوئی سدرن کے درمیان گیس سپلائی معاہدے پر کیا ہوا ؟ سی ایف او کے الیکٹرک نے بتایا کہ گیس سپلائی معاہدے پر سوئی سدرن کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

چیئرمین نیپرا نے پوچھاکہ کے الیکٹرک سوئی سدرن کے علاوہ کہیں اور سے فیول انتظامات کرسکتی ہے،سی ایف او کے الیکٹرک عامر غازیانی نے بتایا کہ متبادل فیول انتظامات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

دوران سماعت کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے تنویر باری نے کے الیکٹرک کے پاور پلانٹس کا ٹیکنیکل آڈٹ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

تنویرباری نے کہاکہ نیپرا جرمانے کرتا ہے کے الیکٹرک عدالت میں چلی جاتی ہے۔


قومی خبریں سے مزید