سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبر پختون خوا میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے گئے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخر کیا۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ یکم فروری کی سماعت کا نوٹس 2 فروری کو موصول ہوا، نوٹس ملنے تک ہائی کورٹ بلدیاتی انتخابات مؤخر کر چکی تھی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ 5 اضلاع کا شیڈول مؤخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن مؤخر کیا گیا۔
شکایت کنندگان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ موسمی حالات کے پیشِ نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔
جسٹس عائشہ ملک نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہائی کورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا مؤقف سننا چاہیے تھا۔