• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین گروپ کا اجلاس ،ن لیگ کیساتھ کھڑے ہونے کی تجویز

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جہانگیر ترین گروپ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اکثر ارکان نے حکومت مخالف لائحہ عمل میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑے ہونے کی تجویز دی، جھنگ کے ارکانِ اسمبلی نے اجلاس میں آزاد حیثیت برقرار رکھنے کی تجویز دی۔

جہانگیر ترین گروپ کی اکثریت نے اجلاس میں کھل کر سیاسی میدان میں آنے کا مشورہ دیا، اکثریت کی رائے تھی کہ وقت آ گیا ہے کہ حکومت مخالف لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

ترین گروپ نے عدم اعتماد کی تحریک باضابطہ پیش ہونے پر اپنا لائحہ عمل لانے کا فیصلہ کر لیا، جبکہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے تک ترین گروپ نے سیاسی کارڈز خفیہ رکھنے کا مشورہ بھی دیا۔

ترین گروپ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پیش ہونے پر ترین گروپ اپوزیشن کاساتھ دے سکتا ہے۔

ترین گروپ کے ارکان کی رائے تھی کہ انتخابی حلقوں میں تحریکِ انصاف کی پوزیشن بہت کمزور ہے۔

ترین گروپ کے ارکان کی رائے تھی کہ بلدیاتی انتخابات میں مضبوط شخصیات پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینا پسند نہیں کریں گی۔

ارکان کا مؤقف تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، حلقوں میں سخت عوامی ردِعمل کا سامنا ہے۔

ترین گروپ نے فیصلہ کیا کہ اجلاس وقفے وقفے سے ہوتے رہیں گے، جبکہ سیاسی جماعتوں کے رابطوں کی حوصلہ شکنی نہیں کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جہانگیرترین کی زیرِ صدارت گزشتہ روز عون چوہدری کی رہائش گاہ پر یہ اجلاس ہوا تھا جس میں ترین گروپ نے مختلف سیاسی آپشنز کی تجاویز سامنے آنے پر جہانگیر ترین کو حتمی فیصلے کا اختیار دے دیا۔

قومی خبریں سے مزید