روس کے حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف میں پھنسی ایک پاکستانی طالبہ نے اپنی مشکلات کے بارے میں بتا تے ہوئے حکام سے مدد کی اپیل کی ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد طالب علموں سمیت سیکڑوں پاکستانی شہری دارالحکومت کیف میں پھنس گئے، مشکل میں گھری ایک طالبہ آمنہ حیدر نے کہا کہ یہاں بمباری ہورہی ہے، ہمیں سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
طالبہ آمنہ حیدر نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران مطالبہ کیا کہ پاکستانی ایمبیسی ہماری مدد کرے، ایمبیسی نے ٹرنوپِل شہر جانے کا مشورہ تو دیا، لیکن شہر میں ٹرانسپورٹ ہی دستیاب نہیں ہے۔
آمنہ حیدر نے کہا کہ پاکستانی ایمبیسی نے طلبہ کو کیف سے نکالنے کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا، اس وقت شہر کیف میں رات کا کرفیو لگ چکا ہے، یہاں پھنسے ہوئے پاکستانی طلبہ نے اب گروپ کی شکل میں رہنا شروع کردیا ہے۔
پاکستانی طالبہ نے کہا کہ دوسرے ملک اپنے باشندوں کو یہاں سے نکالنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔