• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویڈیو: یوکرائنی خاتون روسی فوجیوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہوگئی


یوکرائنی خاتون روسی فوجیوں کے سامنے بےخوف ڈٹ کر کھڑی ہوگئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

جیسے ہی روسی فوجی یوکرین کی سرحد عبور کر کے سڑکوں پر داخل ہوئے، یوکرین کے باشندوں نے حملے کی مذمت کے لیے پوری دنیا میں بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کیا۔ ٹوکیو سے نیویارک تک روسی سفارت خانوں اور عوامی چوکوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔

اب روسی فوجیوں سے مقابلہ کرنے والی یوکرائنی خاتون  کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جسے ’بے خوف قرار‘ دیتے ہوئے خوب سراہا جارہا ہے۔

ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بہت سے لوگوں نے خاتون کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جو بھاری ہتھیاروں سے لیس روسی فوجیوں کے سامنے کھڑی ہے اور یہ جاننے کا مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اُس کے ملک میں کیا کر رہے ہیں۔

مختصر ویڈیو کلپ میں، خاتون پہلے روسی فوجیوں سے پوچھتی ہے کہ ’تم کون ہو؟‘ سپاہی جواب دیتے ہیں کہ ’ہماری یہاں مشقیں ہیں، براہِ کرم! اس طرف جاؤ۔‘

خاتون کو جب معلوم ہوا کہ یہ روسی فوج ہے، تو خاتون انہیں بُرا بھلا کہتی ہیں اور شدید غصے کا اظہار کرتی ہے۔

دوسری جانب روسی فوجی یہ کہتے ہوئے خاتون کو پُرسکون کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہماری بحث سے کچھ نہیں نکلے گا لیکن وہ خاتون خوفزدہ دکھائی نہیں دیتی اور اس کے بجائے کہتی ہے کہ تم قابض ہو، تم ان تمام بندوقوں کے ساتھ ہماری سرزمین پر کیا کر رہے ہو؟ 

اس کے بعد خاتون اُنہیں سورج مکھی کے بیجوں کی پیشکش کرتی ہے جوکہ یوکرین کا قومی پھول ہے۔

خاتون کہتی ہے کہ ان بیجوں کو لے لو اور اپنی جیبوں میں رکھ لو، جب تم سب یہاں دفن ہو جاؤ گے تو کم از کم سورج مکھی کے پھول تو لگیں گے۔

ویڈیو کو وہاں سے گزرنے والے لوگوں نے شوٹ کیا اور اس عمل کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا گیا۔